امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری پیکج بڑھا کر 600 ارب ڈالر کرنے کی خبر سامنے آنے کے ایک روز بعد ہی اسے مزید بڑھا کر ایک ٹریلین ڈالر کرنے کے مطالبہ نما توقع کا اظہار کیا ہے۔
ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیے گئے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے کہوں گا کہ وہ امریکا میں سرمایہ کاری پیکج کو ایک ٹریلین تک بڑھائیں۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے تعلقات ایسے رہے ہیں کہ وہ اس مطالبے کو ضرور مانیں گے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب اور تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ تیل کی قیمتیں کم کریں گے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل رپورٹ سامنے آئی تھی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے صدر منتخب ہونے کے بعد مبارکباد کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا جس میں امریکا میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کو بڑھا کر 600 ارب ڈالر کرنے کا کہا تھا۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی حلف کے پہلے روز جاری کردہ اپنے ایگزیکٹو آرڈرز کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔
جمعرات کو ایک امریکی عدالت نے ان کے اس حکم نامے کو معطل کر دیا ہے جس میں نئے صدر نے امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کی شہریت کا سلسلہ منقطع کرنے کی ہدایت کی تھی۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی اور بھارتی سفارتکار فروری میں انڈین وزیراعظم نریندرا مودی اور ٹرمپ کی ملاقات کے لیے کوشاں ہیں۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ نیو جرسی میں انڈین خواتین بچوں کی قبل از وقت ولادت کے لیے طبی مراکز میں خود کو رجسٹرڈ کروا رہی ہیں تاکہ بچوں کی شہریت منسوخی کے اطلاق سے قبل ولادت کے عمل سے گزر سکیں۔
امریکا کی امیگریشن سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کے بعد اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے یہ تبدیلی غیرقانونی طور پر امریکا میں مقیم انڈینز کو بھی متاثر کریے گی۔