امریکا کی جانب سے ایران پر حالیہ جارحیت اور بمباری کے خلاف جماعت اسلامی نے پیر 23 جون ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا، جس کی کال امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دی۔
پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے پریس کلبز کے باہر ریلیاں نکالی گئیں، ان ریلیوں سے مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ تقاریر میں امریکی جارحیت کی مذمت کی گئی ۔
جماعت اسلامی کے مطابق ایران کی خودمختاری پر امریکی حملہ خطے میں امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے اپنی جارحیت فوری طور پر بند نہ کی تو جماعت اسلامی اس احتجاجی تحریک کو مزید منظم اور وسیع کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں عالمی برادری، خاص طور پر مسلم دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر امریکی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے اور مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران پر ہونے والے امریکی فضائی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خیال رہے کہ 13 جون سے ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی جاری ہے، دونوں طرف سے میزائل حملے کیے جارہے ہیں، اب تک کے حملوں میں دونوں ممالک کا مالی اور جانی نقصان ہوچکا ہے۔
اتوار کی صبح یعنی 22 جون کو امریکا بھی اس جنگ میں کود پڑا، امریکا کے بی 2 بمبار طیاروں نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
لاڑکانہ میں جناح باغ چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ایڈووکیٹ نادر علی کھوسہ امیر جماعت اسلامی ضلع لاڑکانہ اور مقامی امیر رمیز راجہ شیخ نے کی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ایران پر امریکی جارحیت کے خلاف ٹھٹھہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ امیر ضلع ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں، قیم ضلع عبداللہ آدم گندرو ودیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

جماعت اسلامی یوتھ ونگ کراچی کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔
لاہور پریس کلب کے باہر بھی جماعت اسلامی نے مظاہرہ کیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ امریکا بدمعاش ہے اور ہمیشہ بدمعاشی کرتا رہا ہے، ناکامی اس کا مقدر ہوگی۔ حکومت پاکستان بھی ہوش کے ناخن لے۔
ملتان پریس کلب کے باہر مظاہرہ، امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے امت مسلمہ کے خلاف اعلانِ جنگ ہیں، ایران کی خودمختاری پر حملہ اقوام متحدہ چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سندھ کے علاقوں بدین، ٹنڈو آدم خان اور دیگر شہروں میں بھی جماعت اسلامی نے مظاہرے کیے۔ ٹنڈو الہٰ یار میں احتجاجی مظاہرے سےامیر ضلع آصف یاسین،قیم عاشق خانزادہ اور مقامی امیر رائو جاوید نے خطاب کیا۔

شکارپور میں گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرے سے مقامی امیر مولانا صدرالدین مہر نے خطاب کیا۔ پنجاب کے شہروں گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولپور، رحیم یارخان ، ڈی جی خان میں بھی بڑے مظاہرے کیے گئے۔
آبپارہ اسلام آباد کے مقام پر احتجاج میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللّٰہ رندھاوا اور نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد کاشف چوہدری نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔