Follw Us on:

پنجاب میں مون سون ایمرجنسی پلان 2025 پر عملدرآمد کا آغاز، مریم نواز کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ الرٹ

مادھو لعل
مادھو لعل
Maryam nawaz & haneef abbasi
عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ (فوٹو: گوگل)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں مون سون ایمرجنسی پلان 2025 پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہر پل، ہر صورت مستعد اور تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے بھر سے ایمرجنسی کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ فراہم کرے، تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، جو 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔ ان سینٹرز کا مقصد مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور مؤثر رابطہ کو یقینی بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں برساتی نالوں کی صفائی اور بارشی پانی کے بہاؤ کے تمام راستے کلیئر رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نالوں کی بندش یا نکاسی آب میں رکاوٹ کسی بھی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا پیشگی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی خصوصی ہیلپ لائن 1129 کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ شہری کسی بھی مقام سے ہنگامی صورتحال کی اطلاع دے سکیں۔ پی ڈی ایم اے نے مون سون کے دوران ممکنہ حادثات اور نقصانات سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز بھی جاری کر دیے ہیں۔

نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نوجوانوں بالخصوص بچوں کو ان مقامات سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جب کہ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس حوالے سے سختی سے روکیں۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو صوبے بھر میں بوسیدہ اور خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی ایسے مکینوں سے احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران برقی آلات، زمین پر گرے تاروں اور بجلی کے کھمبوں کو ہرگز نہ چھوئیں۔ چھتوں کی صفائی اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنائیں، تاکہ پانی جمع نہ ہو اور کسی حادثے کا خطرہ نہ رہے۔

انہوں نے آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جب کہ شہریوں کو اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔

مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہمہ وقت تیار اور الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہر فرد کی جان قیمتی ہے اور ہم تمام وسائل بروئے کار لا کر عوامی خدمت کا فرض نبھائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

Author

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس