وفاقی وزارتِ داخلہ کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں سپین میں کئی برس سے مفرور خطرناک ملزمان کی گرفتاری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ یہ پیش رفت وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق پاکستان کو مطلوب دو اہم ملزمان نوازش علی ہنجراہ اور ہارون اقبال کو انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے ذریعے سپین میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان دہشتگردی، قتل اور اغوا برائے تاوان جیسے 23 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو پاکستان کے حوالے کر دیا جائے گا، جب کہ دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے حالیہ دورہ سپین میں ہسپانوی وزیر داخلہ مارلاسکا گرینڈے سے ملاقات میں مطلوب ملزمان کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاریوں اور پاکستان حوالگی کا مطالبہ کیا، جس پر سپین کے وزیر داخلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو احکامات دیئے۔
پاکستان نے کئی برس سے سپین سے انٹرپول ریڈ نوٹس کے 38 مطلوب ملزمان کی گرفتاری و حوالگی کا مطالبہ کیا ہوا تھا۔
طلال چوہدری نے 2 مطلوب ملزمان کی گرفتاری پر سپین کے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سپین میں مفرور دیگرمطلوب ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے اور پاکستان کے حوالے کئے جائیں گے۔