انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں ایک افسوسناک حادثے میں پل گرنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ متعدد گاڑیاں دریا میں جا گریں۔
انڈین خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق حادثہ بدھ کے روز وڈودرا ضلع میں پیش آیا۔
گجرات کے وزیر صحت رشیکیش پٹیل کے مطابق پل پر کئی گاڑیاں موجود تھیں جب اس کا ایک حصہ اچانک گر گیا، جس کے باعث درجنوں افراد دریا میں جا گرے۔ اب تک کم از کم 5 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارشیں ہو رہی تھیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ متاثرہ پل 1985 میں تعمیر کیا گیا تھا۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے حادثے کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیا۔
انڈیا میں بنیادی ڈھانچے کی خراب حالت اور ناقص حفاظتی اقدامات کے باعث اس طرح کے حادثات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 2022 میں بھی گجرات میں ایک سو سال پرانا کیبل معلق پل گرنے سے کم از کم 132 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جب پل دریا میں گرنے سے سینکڑوں افراد پانی میں بہہ گئے تھے۔
حکام کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔