کراچی ضلعی سٹی پولیس نے تھانہ کلاکوٹ کی حدود سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے اور انہیں کھول کر پرزے فروخت کرنے والے گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جس میں انہیں واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سمیت اور امان کے ناموں سے ہوئی ہے، جو لیاری اور ملحقہ علاقوں میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کیا کرتے تھے۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک چیسس، وہیل، 2 جمپ، ایک سائلنسر، دیگر اسپیئر پارٹس اور پانے و اسکرو ڈرائیور برآمد کیے گئے ہیں۔
برآمد ہونے والی چوری شدہ موٹر سائیکلوں میں موٹر سائیکل نمبر AFR-2025، جس کا مقدمہ الزام نمبر 229/2025 بجرم دفعہ 381-A تھانہ کلاکوٹ میں درج ہے۔ موٹر سائیکل نمبر KIX-1746، جس کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہے۔
ان کے علاوہ موٹر سائیکل نمبر KQV-9352، جس کا مقدمہ الزام نمبر 231/2025 بجرم دفعہ 381-A تھانہ کلاکوٹ میں درج ہے۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے کی انسانی اسمگلنگ اور کرپشن کے خلاف بڑی کارروائیاں، چار ملزمان گرفتار
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے، جب کہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے وی ایل سی (اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔