Follw Us on:

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کا ایکشن، 5 ارکان اسمبلی پارٹی سے برطرف

مادھو لعل
مادھو لعل
Pti
برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ (فوٹو: گوگل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے اور حکم عدولی کرنے والے پانچ ارکانِ قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جن ارکان کو پارٹی سے برطرف کیا گیا ہے ان میں اورنگزیب خان کھچی، مبارک زیب خان، عثمان علی، ظہور قریشی اور الیاس چوہدری شامل ہیں۔

پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان ارکان نے پارٹی ہدایت کے برخلاف 26ویں آئینی ترمیم کے بل کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ دیا، حالانکہ ستمبر 2024 میں اسلام آباد میں منعقدہ پارٹی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی بل کی مخالفت کرے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ارکان کو 5 نومبر 2024 کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا، مگر وہ جواب دینے یا ذاتی سماعت میں پیش ہونے میں ناکام رہے۔ اس کے علاوہ بعض ارکان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر کے وفاقی وزیر کے عہدے بھی سنبھال لیے، جو پارٹی وفاداری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

Pti notification
یہ اقدام آئین، قانون اور پارٹی ڈسپلن کی صریح خلاف ورزی ہے۔ (فوٹو: فائل)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان ارکان نے پارٹی سے منتخب ہو کر حلف لیا تھا کہ وہ پارٹی ہدایات پر عمل کریں گے، مگر انہوں نے نہ صرف پارٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کی بلکہ دوسری پارلیمانی جماعت میں شامل ہو کر وزیر کا عہدہ قبول کیا۔ یہ اقدام آئین، قانون اور پارٹی ڈسپلن کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کے دستخط سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ان ارکان کو نہ صرف پارٹی سے نکالا جا رہا ہے بلکہ وہ اپنی نشست سے بھی نااہل قرار پاتے ہیں۔

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس