پاکستان ایئر فورس کا ایک دستہ جدید ترین JF-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں اور C-130 ہرکیولیز ٹرانسپورٹ طیارے کے ہمراہ برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیئرفورڈ پہنچ گیا ہے، جہاں وہ دنیا کے سب سے بڑے عسکری ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں شرکت کرے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کی اس عالمی نمائش میں شرکت اس کے پیشہ ورانہ معیار، آپریشنل صلاحیت اور ملکی سطح پر تیار کردہ ہوا بازی کی صنعت کی طاقت کو اجاگر کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانیہ پہنچنے کے دوران، پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر بلاک-III طیاروں نے فضاء میں ایندھن بھرنے کا کامیاب آپریشن بھی انجام دیا، جس میں PAF IL-78 ایریئل ری فیولنگ ٹینکر نے معاونت فراہم کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ پیچیدہ فضائی عمل پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت اور ایئر و گراؤنڈ عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ تھا۔
واضح رہے کہ JF-17 تھنڈر بلاک-III ایک 4.5 جنریشن کا جدید ترین ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو EASA ریڈار، طویل فاصلے تک مار کرنے والے BVR میزائلز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ یہ طیارہ کئی قسم کے فضائی مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جدید چیلنجز کے مقابلے میں پاکستان کی فضائی طاقت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

حالیہ پاکستان-انڈیا کشیدگی کے تناظر میں برطانیہ میں ایوی ایشن کے شوقین افراد اور دفاعی ماہرین کی جانب سے پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر بلاک-III کی آمد کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ طیارے کی جنگی صلاحیتیں اور عالمی سطح پر اس کا بڑھتا ہوا وقار، RIAT-2025 کو ایوی ایشن کمیونٹی کے لیے ایک یادگار موقع بنا رہے ہیں۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو کی سالانہ روایت کے تحت PAF کے C-130 ہرکیولیز کو “Eyes in the Skies” تھیم پر مبنی ایک خصوصی آرٹ ورک سے سجایا گیا ہے۔ یہ خوبصورت اور علامتی پینٹنگ دنیا بھر میں جدید فضائی افواج کی چوکسی، حالات سے آگاہی اور ٹیکنالوجی میں برتری کی نمائندگی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: ترقی پذیر ممالک کی مالی مدد میں اضافہ کیا جائے، پاکستان
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس منفرد لِوری کو ایئر شو میں توجہ کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے، جو پاک فضائیہ کی تخلیقی صلاحیت اور آپریشنل ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے جدید ترین جنگی طیاروں اور آرٹسٹک C-130 کی اس شاندار شراکت کا مقصد نہ صرف فضائی مہارتوں کا تبادلہ ہے بلکہ دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ PAF ایک جدید، ٹیکنالوجی سے لیس اور امن کی خواہاں فضائی قوت ہے، جو عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔