ملتان میں ہونے والے ویسٹ انڈیز بمقابلہ پاکستان کے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 120 رنز سے ہرا دیا ۔
254 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم صرف 133 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ویسٹ انڈیز نے 35 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔اس طرح دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز بنائے۔ گوڈاکیش موتی 55 اور جومیل واریکن نا قابلِ شکست 36 رنز بنا کر نمایا ں رہے۔ جب کہ پاکستان کے جانب سے نعمان علی نے کمال کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستانی ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 154 رنز بنا سکی جس میں محمد رضوان 49 رنز اور سعود شکیل 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جب کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے 4 اور گوڈاکیش موتی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری اننگ میں ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کرتے ہوئے 244 رنز بناتے ہوئے 254 رنز کا ہدف دیا جس میں کریگ براتھویٹ نے نصف سینچری بنائی ۔ پاکستانی باؤلرز میں سے ساجد خان اور نعمان علی نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بابر اعظم سب سے زیادہ 31 رنز بنا سکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔
یادرہے کہ ملتان کو غیرملکی ٹیموں کا قبرستان کہا جاتا ہے، گزشتہ ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو ’قبرستان میں خوش آمدید‘ کہا تھا ۔