ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، وزیرستان، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
مون سون کی ہواؤں میں شدت آنے کے باعث یہ بارشیں 31 جولائی تک جاری رہ سکتی ہیں۔ پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور شیخوپورہ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جبکہ سندھ میں موسم عمومی طور پر گرم رہے گا، تاہم کراچی، عمرکوٹ، میرپورخاص اور جیکب آباد سمیت چند شہروں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
More rains predicted in coming days from today (July 25, 2025) #pakistanweatherr#monsoon2025#rainyweather pic.twitter.com/T3qQRSFTLz
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) July 25, 2025
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے ملک بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ مون سون کا موجودہ سلسلہ 26 جون سے جاری ہے، اور اب تک شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملک بھر میں 266 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے تقریباً نصف تعداد بچوں کی ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں پنجاب میں رپورٹ ہوئیں جہاں مون سون گزشتہ برس کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ شدید رہا۔
حکام کے مطابق بارشوں کے دوران بچے پانی میں کھیلتے ہیں اور کرنٹ لگنے جیسے خطرات کا سامنا کرتے ہیں، جس کے باعث ان کی ہلاکتوں کی شرح زیادہ دیکھی گئی ہے۔ زخمیوں کی تعداد بھی سینکڑوں میں بتائی گئی ہے۔