وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں ظلم و ستم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، غزہ میں بچوں کی حالت دیکھی نہیں جاتی، غزہ میں جاری مظالم کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں سے بہت نقصان ہوا ہے، بارشوں کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، دیامر سمیت ملک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں طغیانی آئی۔ پنجاب، سندھ سمیت پہاڑی علاقوں میں بھی شدید بارشوں سے بھی نقصان ہوا۔
دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے کابینہ نے دعا کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دے رہی ہیں، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت سے انڈیا کے خلاف تاریخی فتح ملی۔ انڈیا کے خلاف کمال مہارت کے مظاہرے پر دنیا دنگ رہ گئی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، وزیرِتوانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں، فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم نے بھی زبردست کاوشیں کی ہیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی لائی گئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مثبت بات چیت سے خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا، لاہور ریلوے اسٹیشن پر انقلابی تبدیلی دیکھ کر خوشی ہوئی، ریلوے ٹکٹنگ کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں انقلابی کام ہوا ہے جس کے باعث ملکی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے اور نقصان میں کمی آئی ہے۔ میں چاہونگا کہ سب ایک دوسرے سے کارگردگی میں آگے نکلیں مجھے دلی خوشی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر جس طریقے سے انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں، وہ دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا ہے۔ ٹکٹنگ کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔مجھے امید ہے کہ اس ماڈل کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔
انہوں کہا کہ غزہ میں ظلم و ستم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، غزہ میں بچوں کی حالت دیکھی نہیں جاتی، غزہ میں جاری مظالم کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے۔