انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو نومئی کے دو مقدمات میں بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے تھانہ شادمان اور راحت بیکری جلاؤ گھیراؤ کیسز میں شاہ محمود قریشی کی رہائی کا مراسلہ جاری کیا، جس میں جیل سپریٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں سزا پانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ تمام مجرموں کو قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے اور انہیں تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنا ہوں گی۔
مزید پڑھیں: اگر کرپشن پر سزا دی جانے لگی تو زرداری، نواز اور شہباز شریف کہاں جائیں گے، حافظ نعیم الرحمان
واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ روز فیصلہ سناتے ہوئےسابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشیداور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزائیں سنائیں۔
دیگر رہنماؤں میں عالیہ حمزہ اور ضم جاوید کو پولیس اسٹیشن جلانے کے مقدمے میں پانچ پانچ سال قید، جب کہ عائشہ بھٹہ کو پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے ان رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔