لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں مون سون کے ساتویں اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں صبح سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
لکشمی چوک، گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، اچھرہ، کلمہ چوک، لبرٹی، بھاٹی گیٹ اور بادامی باغ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر وقفے وقفے سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا امکان ہے جبکہ یہ سپیل کل تک جاری رہ سکتا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں حبس کے ساتھ مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں بھی جزوی ابرآلود موسم اور بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہے گا تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کرم، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا لیکن سکھر، گھوٹکی، کشمور، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور شدید حبس رہے گا تاہم راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، حافظ آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں جزوی ابرآلود موسم اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا لیکن ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں جزوی ابرآلود موسم اور بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہا جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 36 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 17 ملی میٹر اور کاکول میں 7 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں مظفرآباد کے ایئرپورٹ سٹی اور کوٹلی میں 13، راولا کوٹ میں 10 اور گڑھی دوپٹہ میں 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پنجاب میں مری میں 9، اسلام آباد کے سیدپور میں 8 اور گولڑہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی میں شمس آباد اور چکلالہ میں 1، 1 ملی میٹر جبکہ سندھ کے شہید بے نظیرآباد میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور چلاس میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔