فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خدا نے مجھے پاکستان کا محافظ بنایا ہے اور اس کے علاوہ کسی عہدے کی خواہش نہیں رکھتے۔
برسلز میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی تبدیلی سے متعلق افواہیں جھوٹ پر مبنی ہیں، یہ افواہیں وہ لوگ پھیلا رہے ہیں جو حکومت اور مقتدرہ دونوں کے مخالف ہیں۔
اپنے دورہ برسلز کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ وہ صرف پاکستان کے محافظ ہیں اور اس سے بڑھ کر کسی عہدے کی خواہش نہیں رکھتے۔ تقریب میں ان کا جنگ کے فاتح کے طور پر استقبال کیا گیا۔

سہیل وڑائچ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاسی مصالحت سچے دل سے معافی مانگنے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تخلیقِ آدم سے متعلق قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تخلیقِ آدم کے بعد سب نے خدا کے حکم کو مانا، معافی مانگنے والے فرشتے بنے اور معافی نہ مانگنے والا شیطان قرار پایا۔
خارجہ پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چین اور امریکا کے تعلقات میں توازن قائم رکھنے کا طویل تجربہ ہے اور ہم ایک دوست کے لیے دوسرے کو قربان نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کی خواہش حقیقی ہے، اسی لیے انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے میں پہل کی گئی ہے۔
انڈیا کے حوالے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خبردار کیا کہ انڈیا پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو نقصان نہ پہنچائے، کیونکہ ایک ایک پاکستانی کے خون کا بدلہ لینا ہمارے لیے لازم ہے۔