Follw Us on:

“بجلی سے متعلقہ اداروں کا ہر ملازم ماہانہ 6 ہزار روپے کی مفت بجلی استعمال کررہا ہے” اویس لغاری

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فائل فوٹو / گوگل

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں میں ہر ملازم ماہانہ 6 ہزار روپے کی مفت بجلی استعمال کررہا ہے، مفت بجلی بند کرنے کے لیے  اٹارنی جنرل آفس سے بات کی گئی ہے۔

نجی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ توانائی اویس لغاری نےکہا کہ کیسز کی وجہ سے پاور ڈویژن اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو بجلی کی مفت فراہمی بند نہیں کرسکتے، مفت بجلی کا فی سرکاری ملازم کا خرچہ 6 ہزار روپے ہے، ہم نے اٹارنی جنرل آفس سے بات کی ہے کہ کیسز جلد ختم کرائیں جائیں تاکہ مفت بجلی بند کی جائے۔

وزیرِ توانائی نے کہا کہ مفت بجلی ختم کر کے تنخواہوں میں اضافہ کرنےاور جو بجلی استعمال نہیں ہورہی وہ سستے داموں دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس کے وجہ سےجتنی سولرائزیشن بڑھے گی عام صارفین پر بوجھ بڑھے گا، نیٹ میٹرنگ کے ذریعے مہنگی بجلی خرید کر عام صارف کو دے رہے ہیں اور اس وقت عام صارفین پر 103 ارب کا اضافی بوجھ ہے۔

فائل فوٹو / گوگل

اویس لغاری نے مزید کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں نیٹ میٹرنگ میں سرمایہ کاری کرنے والا چار سال میں اپنا سرمایہ پورا کرلے۔

واضح رہے کہ 28 جنوری کو وزیرِ توانائی اویس لغاری نے صنعتوں کے لیے اضافی بجلی کی نیلامی کے حکومتی منصوبے کا اعلان کیاتھا۔  صنعتی ترقی کو تحریک دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اس منصوبے کا اعلان کیا گیا  ہے۔

اویس لغاری نے وزارتِ توانائی کے پریس بیان میں تفصیل سے بتایا کہ  معیشت اور صنعتی شعبے میں زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے اضافی بجلی مسابقتی طور پر دستیاب کرائی جائے گی۔

وزیرتوانائی نے نیشنل الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے تاکہ ای وی کو مزید سستی اور قابل رسائی بنایا جا سکے۔ یہ قدم پائیدار توانائی کے حل کو فروغ دینے اور ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے حکومت کے وژن کے مطابق ہے۔

فائل فوٹو / گوگل

یاد رہے کہ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کو موصول ہونیوالی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سرکاری ملازمین نے 23 کروڑ 71 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی استعمال کی، بجلی استعمال کرنے والے ملازمین کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار ہے اور ان میں سے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین و افسران دونوں شامل ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک لاکھ 13 ہزار حاضر سروس افسران و ملازمین نے 5 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی ہے، حاضر سروس ملازمین و افسران نے چھ ماہ میں 14 کروڑ 96 لاکھ یونٹس استعمال کیےہیں۔

اسی طرح 88 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین نے 3 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی ہے، ریٹائرڈ ملازمین نے چھ ماہ میں 8 کروڑ 75 لاکھ یونٹس استعمال کیےہیں۔ مفت بجلی استعمال کرنے والوں میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ 22 تک کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس