Follw Us on:

صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی چینی وزیرِ خارجہ سے ملاقات، ’سی پیک فیز ٹو‘ پر مکمل اطمینان کا اظہار

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Chinese minister
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاک-چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔ (فوٹو: ایکس)

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی سے ملاقات میں سی پیک فیز ٹو پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی چین کے بنیادی مسائل پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاک-چین تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاک-چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس سے قبل وانگ ژی نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی، آزمودہ دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔

انہوں نے باور کرایا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے جسے عوام، سیاسی جماعتوں اور اداروں کی سطح پر مکمل حمایت حاصل ہے۔

آصف علی زرداری نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی ترقی اور مسئلہ کشمیر پر چین کی مستقل اور منصفانہ حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا لاہور میں ’یوکوہاما‘ بنانے کا خواب: کیا ایسا ممکن ہوپائے گا؟

علاوہ ازیں، اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین برادرانہ تعلقات کو ہر سطح پر مزید فروغ دیں گے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

Chinese minister.
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)

ان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو سراہتے ہیں، دونوں ممالک خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور تمام اہم معاملات پر مکمل اتفاق رائے رکھتے ہیں۔

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس تعاون پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کا اختتام خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس