انڈیا کی سپریم کورٹ نے ملک کے امیر ترین صنعتکار مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کے قائم کردہ چڑیا گھر کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب چڑیا گھر کی تیاری اور جانوروں کی منتقلی میں مبینہ طور پر غیرقانونی ذرائع استعمال ہونے کے الزامات لگے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اننت امبانی ’ونتارا‘ نامی دنیا کے سب سے بڑے چڑیا گھر اور ریسکیو سینٹر کو چلاتے ہیں، جو مغربی ریاست گجرات میں قائم ہے۔
حکام کے مطابق اس میں 200 سے زائد ہاتھی، 50 ریچھ، 160 شیر، 200 ببر شیر، 250 تیندوے اور 900 مگرمچھ سمیت کئی دیگر جانور رکھے گئے ہیں۔

جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس اقدام پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نایاب اور معدومیت کے خطرے سے دوچار جانور آئل ریفائنری کمپلیکس کے قریب رکھے گئے ہیں، جہاں سخت موسم ان کے لیے موزوں نہیں۔
ناقدین نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ جانوروں کو قدرتی ماحول میں واپس چھوڑنے کا کوئی منصوبہ موجود نہیں اور انہیں ذاتی تشہیر کے لیے جمع کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے پیر کو ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیا جو جانوروں کی مبینہ غیرقانونی منتقلی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی جانچ کرے گی۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ ٹیم اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا گجرات کا موسم جانوروں کے لیے مناسب ہے یا نہیں اور شکایات کی حقیقت بھی پرکھے گی۔ عدالت کے مطابق یہ قدم جنگلی حیات کے اداروں کی شکایات اور میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر اٹھایا گیا۔

مارچ میں جرمن اخبار زودائچن زائتونگ نے انکشاف کیا تھا کہ 2024 میں تقریباً 39 ہزار جانور درآمد کیے گئے، جن میں کانگو، یو اے ای اور وینزویلا سے لائے گئے جانور بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے ہاتھی خصوصی ٹرکوں کے ذریعے چڑیا گھر منتقل کیے گئے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی اور شفافیت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویتنام: تباہ کن طوفان کاجیکی کی آمد، پانچ لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل، ایئرپورٹ بند
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ادارے کی توجہ جانوروں کے تحفظ، بحالی اور نگہداشت پر مرکوز ہے۔
یہ وہی چڑیا گھر ہے جہاں 2024 میں اننت امبانی کی کئی روز تک جاری رہنے والی شادی کی تقریبات کا ایک حصہ بھی ہوا تھا، جن میں معروف گلوکار ریہنہ، جسٹن بیبر اور کیٹی پیری نے پرفارم کیا تھا۔
اس چڑیا گھر کا دورہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کیا تھا۔