پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں شہر کی مشہور گلوریا فنیکولر ریلوے کی بوگی پٹڑی سے اتر کر تباہ ہوگئی۔ اس واقعے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ایمرجنسی میڈیکل سروس کے ترجمان کے مطابق بدھ کے روز ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ ہلاک شدگان میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
لزبن کے میئر کارلوس موئیداس نے اسے شہر کے لیے ایک “المناک دن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ لزبن سوگ میں ہے۔ پرتگالی حکومت نے جمعرات کو یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
حادثے کی ویڈیوز میں پیلے رنگ کی تباہ شدہ ٹرام جیسی بوگی دیکھی جا سکتی ہے جو ایک کھڑی پہاڑی کے اوپر اور نیچے لوگوں کو لے جاتی تھی۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے مسافروں کو نکالا۔ دوسری جانب صدر مارسلو ریبیلو دی سوسا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں حکام جلد اس حادثے کی وجہ معلوم کر لیں گے۔
🚠Lizbon'da Teleferik Kazası❗
— Furkan Haber (@furkanhabernet) September 3, 2025
Turistlerin yoğun ilgi gösterdiği “Gloria Elevator” teleferiği düştü. En az 20 kişi yaralandı. #Cablecar #Lizbonhttps://t.co/BvMJL2wL3o pic.twitter.com/xSnkhrQ9Tu
پولیس اور پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ گلوریا فنیکولر لائن 1885 میں شروع کی گئی تھی اور یہ لزبن کے ڈاؤن ٹاؤن ریسٹوراڈورس اسکوائر کو Bairro Alto علاقے سے جوڑتی ہے، جو اپنی نائٹ لائف کے باعث سیاحوں میں مشہور ہے۔
یہ لائن لزبن کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی Carris کے زیرِ انتظام ہے اور سالانہ تقریباً 30 لاکھ افراد اسے استعمال کرتے ہیں۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ تمام مینٹیننس پروٹوکولز پر عمل کیا گیا تھا، جن میں ماہانہ، ہفتہ وار اور روزانہ معائنہ شامل ہیں۔
فنیکولر کے دو ڈبے ایک کیبل کے ذریعے جڑے ہوتے ہیں اور الیکٹرک موٹرز کے ذریعے چلتے ہیں۔ حادثے میں اوپر والا ڈبہ پٹڑی سے اتر گیا جبکہ نیچے موجود دوسرا ڈبہ بظاہر محفوظ رہا، لیکن عینی شاہدین کی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ جھٹکے کے باعث اس میں سوار مسافر گھبرا کر کھڑکیوں سے کود گئے۔
گزشتہ دہائی میں پرتگال، خصوصاً لزبن، میں سیاحت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور گرمیوں کے دوران شہر کے وسطی علاقے سیاحوں سے بھر جاتے ہیں۔
برطانوی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے تاکہ اگر کوئی برطانوی شہری متاثر ہوا ہو تو اسے مدد فراہم کی جا سکے۔ برطانیہ پرتگال کا سب سے بڑا سیاحتی ذریعہ ہے، جس کے بعد جرمنی، اسپین اور امریکا کا نمبر آتا ہے۔