سہ فریقی سریز کا پانچواں میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور یو اے ای کے مابین کھیلا گیا، جس میں پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
پاکستان نے یو اے ای کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171رنز بنا کر یو اے ای کو جیت کے لیے 172رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ کے لیے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان تشریف لائے، مگر دونوں کھلاڑی کچھ خاص کمال نہ کرسکے اور ایک کے پیچھے دوسرا کرکے چلتے بنے۔
ابتدائی وکٹس کے گر جانے کے بعد فخر زمان نے ٹیم کے گرتے مورال کو سنبھالا اور انہوں نے شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 77 رنز بنائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد نواز نمایاں رہے، جنہوں نے فخرزمان کا ساتھ دیتے ہوئے 27 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ اوپننگ بلے باز صائم ایوب گیارہ، صاحبزادہ فرحان 16، کپتان سلمان علی آغا سات، محمد حارث 14 اور حسن نواز نے محض چار رنز بنائے۔
یو اے ای کے اسپن گیند بازوں کی جانب سے انتہائی عمدہ گیندبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ حیدر علی دو وکٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جب کہ جنید صدیق، محمدرُوہید اور دُھروو پراشر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹس کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی۔ یو اے ای کے اوپننگ بلے باز عالیشان شرافو نے کافی مزاحمت دیکھائی، انہوں نے51 گیندوں پر 68 رنز سکور کیے۔
یو اے ای کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان محمد وسیم 19 ، ڈی سوزا نو، آصف خان سات ، ہرشیت کوشک تین، دُھروو پراشر 18 اور حیدر علی نے 12رنز بنائے، جب کہ راھول چوپڑا کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے اسپنرز نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کیا، ابرار احمد نے اپنی گیند بازی سے یو اے ای کے بلے بازوں کو کافی پریشان کیے رکھا، انہوں نے چار اوورز میں نو رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی، جب کہ محمد نواز اور شاہین آفریدی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ آج کے میچ میں ٹیم پاکستان دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری تھی، فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جگہ سلمان مرزا، جب کہ صفیان مقیم کی جگہ ابرار احمد کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے اور یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔