نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں امریکی وفد کے ساتھ دو روزہ مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شریک امریکی وفد کی قیادت امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کی جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گروپ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوسرے روز امریکی محکمہ خارجہ کی ڈیزاسٹر ایکسپرٹ برائے ایشیا ایوانا ووکو اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو پیشگی انتباہی نظام، بین الاقوامی ریلیف و ریسپانس میکانزم اور جامع بین الاقوامی فرضی مشقوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور سیلاب وارننگ سسٹمز پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے این ڈی ایم اے کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ماڈل اور جامع مشقوں کو خطے کے لیے مثالی قرار دیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک فرینک نے ادارے کے فعال اقدامات اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کردار کو سراہا۔
امریکی وفد نے قدرتی آفات سے بچاؤ اور مشترکہ مشقوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ خطے کو بڑھتے ہوئے موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔