وزارتِ توانائی نے ویلنگ نیلامی کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جس کے تحت حکومت اضافی بجلی نہیں خریدے گی بلکہ بڑے صارفین خود بجلی حاصل کریں گے۔
نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق وزارتِ توانائی جاری کردہ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی مسابقتی مارکیٹ کا دورانیہ پانچ سال کے لیے ہوگا، جب کہ مجموعی طور پر 800 میگاواٹ بجلی نیلام کی جائے گی۔ بجلی کی قیمت روپے میں مقرر کی جائے گی، تاہم گرڈ چارجز اور سرچارجز علیحدہ ہوں گے۔
حکام کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو بولی کے چارجز، گرڈ چارجز اور سرچارجز ادا کرنا ہوں گے۔ آزاد مارکیٹ آپریٹر سالانہ نیلامی کیلنڈر پیش کرے گا اور نیلامی کی تاریخ میں تبدیلی صرف ناگزیر حالات میں ممکن ہوگی۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ آزاد مارکیٹ میں بجلی کی قیمت کا تعین مارکیٹ خود کرے گی۔ نیلامی کمیٹی کی جانب سے بولی کی جانچ پڑتال رپورٹ آزاد مارکیٹ آپریٹر کو ارسال کی جائے گی، جب کہ نیپرا دو ہفتے میں نیلامی کی منظوری دے گا۔