Follw Us on:

پتنگ بازی کرنے والے کے والد کے خلاف مقدمہ، سڑک پر پٹائی اور گھر مسمار کرنے کی وارننگ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

اسلام آباد پولیس کے ایک افسر کی ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پتنگ بازی کرنے والوں کے لیے منفرد قسم کی سزاؤں کا اعلان کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں پولیس افسر کو مبینہ طور پر اسلام آباد کی ایک مقامی مسجد میں اعلان کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پولیس افسر اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہتے ہیں میں تھانہ سیکرٹریٹ کا ایس ایچ او اشفاق وڑائچ بات کر رہا ہوں۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے منع کریں، کیونکہ یہ کھیل تفریح تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک خونی کھیل بن چکا ہے جس میں ہر سال کئی قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔

ایس ایچ او اشفاق وڑائچ نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کسی کا بچہ پتنگ بازی کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے والد پر ایف آئی آر درج کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود ان بچوں کو سڑک پر جوتے مار کر سزا دیں گے اور ان کے گھروں کو بھی گرایا جائے گا۔

دوسری جانب پتنگ بازی کے باعث بڑھتی ہوئی اموات پر پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پورے سال خاص طور پر بہار کے موسم سے پہلے اس معاملے پر کام کرنا شروع کر دیتی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق  پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 2855 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 2991 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کے گزشتہ برس فیصل آباد میں ایک افسوسناک سانحہ پیش آیا تھا جس میں 25 سالہ نوجوان گلے پر ڈور پھرنے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

یہ نوجوان موٹرسائیکل پر سوار گھر کو جا رہا تھا مگر راستے میں پتنگ کی تیز ڈور نوجوان کی گردن پر پھر گئی، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔

اس واقعے کے فوراً بعد پولیس حکام نے تحقیقات شروع کر دیں اور ساتھ ہی پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کا فیصلہ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس دوران ایک لاکھ سے زائد پتنگیں ضبط کی گئیں اور کئی مقدمات درج کیے گئے۔

فائل فوٹو/ گوگل

پولیس حکام کا کہنا  ہے کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے بچائیں تاکہ کسی بے گناہ کی جان نہ جائے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس