ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا گیا، جہاں کیویز نے پاکستان کو بدترین شکست دے کر فائنل اپنے نام کر لیا، پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف خراب بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 242 رنز بنائے، جسے کیویز نے 45.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔
سہ فریقی سیریز کا فائنل آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا، جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ابتدائی اوورز میں ہی پاکستانی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گیا اور یکے بعد دیگرے ایک ایک کر کے سارے کھلاڑی آؤٹ ہوتے چلے گئے اور مقررہ 50 اوورز تک نہیں کھیل پائے۔

فائنل میں پاکستان کی اوپننگ بلے باز فخر زمان محض 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور یوں پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گر گئی، فخر کے پویلین لوٹتے ہی پیچھے سے سعود 8 رنز اور بابراعظم 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پہلی 3 وکٹیں محض 53 رنز پر گر گئیں، جس کے بعد کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے لڑکھڑاتی ٹیم کو سمبھالا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 142 تک پہنچا دیا، لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھر سکے اور چلتے بنے۔
کپتان محمد رضوان نے 46، جب کہ نائب کپتان سلمان علی آغا 45 رنز بنا کر لوٹ گئے، طیب طاہر نے 38 رنز بنائے اور ان کے جاتے ہی کوئی بھی کھلاڑی پیچھے نمایاں اسکور بنانے میں ناکام رہا اور ایک کے بعد دوسرا چلتے بنے۔
کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 243 رنز بنا کر فائنل اپنے نام کرنا تھا، مگر محض 45.3 اوورز میں ہی کیویز نے 5 وکٹوں سے جیت اپنے نام کر لی۔
ہدف کے تعاقب کرتے ہوئے کیویز ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ڈیرل مچل نے 57، ٹام لیتھم نے 56 اور اوپننگ بلے باز ڈیون کونوے نے 49 رنز بنائے، دوسری جانب سابق کپتان کین ویلیم سن بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستانی بولرز کیویز کو روکنے میں ناکام رہے اور پٹتے چلے گئے، نسیم شاہ نے 2، جب کہ شاہین، ابرار اور سلمان علی آغا 1،1،1 وکٹ ہی لے سکے۔ خوشدل شاہ اور فہیم اشرف وکٹیں لینے میں ناکام رہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ سکواڈ کا ایک کھلاڑی چیمپیئنز ٹرافی سے باہر: اب کیوی ٹیم کا حصہ کون ہو گا؟
دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم نے میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ فائنل کی تیاری کے لیے اچھا وقت ملا ہے۔
کیوی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ گراؤنڈ میں کراؤڈ 99 فیصد ان کے خلاف ہو گا۔
یاد رہے کہ بدھ کو سہ ملکی سیریز کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 353 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچری اننگز کی بدولت 49 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔