روس نے پیر کے روز 28 سالہ امریکی شہری کیلوب بائرز وین کو رہا کر دیا، جو 7 فروری کو ماسکو کے ونوکوو ہوائی اڈے پر منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار ہوئے تھے۔
ان کی رہائی سعودی عرب میں روسی اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے قبل عمل میں آئی ہے۔
کریملن کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ مذاکرات ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات کی بحالی کے لیے منعقد ہو رہے ہیں، اور وین کی رہائی کو اس سفارتی پس منظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
کیلوب بائرز وین کو 7 فروری کو ماسکو کے ونکوو ہوائی اڈے پر اس وقت حراست میں لیا گیا جب کسٹمز حکام نے ان کے سامان میں مبینہ طور پر بھنگ سے بنی مٹھائی برآمد کی۔
وہ استنبول سے اپنی روسی منگیتر نائیدہ مامبیٹووا کے ساتھ سفر کر رہے تھے، جو خود بھی حراست میں لی گئی تھیں۔ وین کو ممکنہ طور پر 10 سال قید کی سزا کا سامنا تھا، لیکن اب وہ ماسکو میں امریکی سفارتخانے میں ہیں اور وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
ان کی رہائی ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات کا مقصد روس امریکی تعلقات کی بحالی ہے۔
حال ہی میں، امریکی تاریخ کے استاد مارک فوگل، جو روس میں منشیات کے الزامات میں قید تھے، کو بھی ایک قیدی تبادلے کے ذریعے رہا کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت امریکہ اور روس کے درمیان تعلقات میں بہتری کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔