Follw Us on:

نہ بولنگ چلی نہ بیٹنگ، دفاعی چیمپیئن پاکستان کیویز کے ہاتھوں پہلا میچ ہار گیا

مادھو لعل
مادھو لعل

چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن پاکستان کو کیویز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، کیویز نے ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں میزبان ٹیم کو 60 اسکور سے شکست دے کر جیت اپنے نام کر لی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، جہاں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔

کیویز نے ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں میزبان ٹیم کو 60 اسکور سے شکست دے کر جیت اپنے نام کر لی۔ (فوٹو: پی سی بی)

کیویز کی جانب سے ول ینگ اور ڈیون کونوے اوپننگ کے لیے آئے اور ٹیم کو ایک اچھی شروعات دی، مگر کونوے خود کو زیادہ دیر تک کریز پر روک نہ پائے اور محض 10 رنز بنا کر چلتے بنے۔ یوں کیویز کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گر گئی۔

کونوے کے پویلین لوٹنے کے بعد سابق کپتان کین ویلیم سن کریز پر تشریف لائے، مگر وہ بھی زیادہ دیر نہ ٹہر سکے اور محض ایک رن بنا کر چلتے بنے اور اس طرح 8.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر کیویز نے 40 رنز بنائے تھے۔

ویلیم سن کے بعد ڈیرل مچل آئے اور 10 رنز بنا کر انہوں نے بھی پویلین کی راہ لی۔ اس کے بعد ٹام لیتھم کریز پر آئے اور ول ینگ کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ کی اور پاکستانی بولنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا۔ کیویز کی جانب سے جارح مزاج بلے باز ٹام لیتھم نے 104 گیندوں پر 118 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی ٹورنامنٹ میں جیت کی سوچ لے کر آئے ہیں، انڈین کپتان روہت شرما

دوسری جانب اوپننگ بلے باز ول ینگ نے 107، جب کہ گلین فلیپس نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ کیویز نے مجموعی طور پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 321 کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے روایتی بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور آخری اوورز میں قومی بولرز پٹتے نظر آئے، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2،2، جب کہ ابرار احمد نے وکٹ حاصل کی۔

نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2،2، جب کہ ابرار احمد نے وکٹ حاصل کی۔ (فوٹو: پی سی بی)

جوابی اننگ کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم نے انتہائی سست باری کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل اور بابراعظم اوپننگ کے لیے آئے اور سعود محض 6 رنز بنا کر لوٹ گئے، جس کے بعد محمد رضوان نے ٹیم کی کمان سنبھالی، مگر وہ بھی 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

قومی ٹیم کا اوپننگ لائن اپ بری طرح فلاپ ثابت ہوا، تاہم مڈل آرڈر کی جانب سے شاندار شاٹس دیکھنے کو ملے۔ خوشدل شاہ اور نائب کپتان سلمان علی آغا کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، مگر وہ بھی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر سکے اور پویلین لوٹ گئے۔

خوشدل شاہ نے 49 گیندوں پر 69، جب کہ سلمان آغا 28 گیندوں پر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دوسری جانب فاسٹ بولر حارث رؤف نے 19 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے بھی شامل ہیں۔

کیوی بولرز ول اورورک اور مچل سینٹنر نے 3،3، میٹ ہنری نے 2، جب کہ گریس ول اور اسمتھ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 260 رنز پہ ڈھیر ہو گئی اور یوں کیویز نے میگا ایونٹ کا پہلا میچ 60 رنز سے جیت کر اپنے نام کر لیا۔

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس