انکرپشن اور ڈِکرپشن جدید دنیا میں معلومات کے تحفظ کے بنیادی طریقے ہیں جو ڈیجیٹل کمیونیکیشن، بینکنگ، آن لائن ٹرانزیکشنز اور حساس ڈیٹا کو غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
انکرپشن ایک ایسا عمل ہے، جس میں کسی بھی قسم کے ڈیٹا (جیسے پیغامات، فائلز، پاسورڈز یا دیگر معلومات) کو ایک خاص الگورتھم کی مدد سے خفیہ کوڈ میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اس کوڈ کو صرف وہی شخص یا سسٹم پڑھ سکتا ہے، جس کے پاس مخصوص ڈِکرپشن کی (Key) موجود ہو۔ اس کا مقصد حساس معلومات کو غیر متعلقہ افراد، ہیکرز اور سائبر حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
ڈِکرپشن انکرپشن کا الٹا عمل ہے، جس میں خفیہ کوڈ شدہ ڈیٹا کو دوبارہ اصل شکل میں بدلا جاتا ہے تاکہ اسے قابلِ فہم اور استعمال کے قابل بنایا جا سکے۔ یہ عمل اس وقت ضروری ہوتا ہے، جب کسی محفوظ شدہ معلومات کو دوبارہ قابلِ مطالعہ بنایا جائے۔
انکرپشن حساس معلومات کو غیر مجاز رسائی اور ہیکرز سے محفوظ رکھتا ہے، صارفین کی ذاتی معلومات کو غیر متعلقہ افراد سے بچاتا ہے۔ انٹرنیٹ بینکنگ، کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز اور دیگر مالی لین دین کو محفوظ بنانے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے علاوہ ہیکرز، ڈیٹا لیکس اور میلویئر حملوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے، ای میلز، پیغامات اور دیگر آن لائن کمیونیکیشن چینلز کو غیر مجاز رسائی سے بچاتا ہے۔
انکرپشن جدید دنیا میں سیکیورٹی کے لیے ایک ناگزیر ٹیکنالوجی بن چکی ہے، جو نہ صرف عام صارفین بلکہ کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔