احتجاج جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس کو خط کے ذریعے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو ہنگری کے دورے کی دعوت دینے پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ انہوں نے خط میں حکومت ہنگری کے اس فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خط میں کہا کہ نیتن یاہو پر انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) میں سنگین الزامات عائد ہیں، جن میں جنگی جرائم، غزہ میں نسل کشی اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے جیسے جرائم شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے فرد کو کسی بھی مہذب ملک میں خوش آمدید کہنا انسانی حقوق کی پامالی کے مترادف ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے ہنگری کی جانب سے آئی سی سی سے علیحدگی کے فیصلے پر بھی گہری مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جیسے اداروں کی اہمیت کو تسلیم کرنا اقوامِ عالم کی ذمہ داری ہے تاکہ ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا لہٰذا ہنگری کی حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے۔