April 25, 2025 12:34 am

English / Urdu

Follw Us on:

سازش یا کچھ اور؟ پاکستانی حدود میں داخل ہونے والا انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کا اہلکار گرفتار

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
یہ واقعہ پاک بھارت سرحد کے فیروز پور سیکٹر میں پیش آیا۔ (فوٹو: جیو نیوز)

پاکستان رینجرز نے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار کو گرفتار کر لیا۔

نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق گرفتار ہونے والا اہلکار بی ایس ایف کی 182 بٹالین سے تعلق رکھنے والا کانسٹیبل پی کے سنگھ ہے، جو سرحد عبور کر کے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔ گرفتار اہلکار کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاک بھارت سرحد کے فیروز پور سیکٹر میں پیش آیا۔ واقعے کے بعد دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان رابطے متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ منگل کی روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگردی کا ہولناک واقعہ پیش آیا، جس میں تقریباً 27 سیاح ہلاک، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

انڈیا نے اس سارے واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹہراتے ہوئے گزشتہ شب پاکستان کے خلاف کئی فیصلے کیے، انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔ انڈیا کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ دہشتگردی کے اس واقعے میں پاکستان ملوث ہے۔

ترجمان انڈین وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ انڈیا نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا ہے۔ انڈیا اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن سے فوجی مشیروں کو واپس بلا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات مزید کم کررہا ہے۔ انڈیا اسلام آباد سے اپنے تمام دفاعی اتاشی واپس بلائے گا۔ سندھ طاس معاہدہ معطل کررہے ہیں، اٹاری اور واہگہ بارڈر کو بھی بند کررہے ہیں۔ 2019 میں تعلقات کو ہائی کمشنر کی جگہ قونصلر تک کردیا تھا۔ سفارتی عملے کی تعداد کو 55 سے کم کر کے 30 تک لایا جائے گا۔

انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کی نیوی اور ایئرفورس کے اتاشیوں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن میں فوجی مشیروں کو ملک چھوڑنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت ہے۔

مزید پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ، انڈین وزارتِ خارجہ نے تمام پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر انڈیا چھوڑنے کا حکم دے دیا

دوسری جانب آج پاکستان کی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈیا کی جانب سے لگائے گئے الزام اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اقدامات کرنے پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈر کو فوری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، واہگہ کے ذریعے ہر قسم کی تجارت کو ختم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا۔ انڈیا کا یہ یکطرفہ فیصلہ ناقابلِ قبول ہے۔ ورلڈ بینک کو انڈین بیان سے متعلق آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں گزشتہ 48 گھنٹے کے معاملات زیرِ غور آئے، پاکستان کے پاس دو راستے ہیں۔ ہم بھی شملہ معاہدے کو معطل کرسکتے ہیں۔ انڈیا کا یہ رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔

نائب وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کی تعداد کو بھی 30 کیا جارہا ہے، اطلاق 30 اپریل سے ہوگا۔ پاکستان کی فضائی حدود انڈین جہازوں کے لیے بند کی جارہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ انڈیا ہمیشہ بلیم گیم کرتا ہے۔ پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد ہیں تو انڈیا اور پاکستان سے شیئر کریں۔ دوسری جانب ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ سری نگر میں ایسے غیر ملکی آئے ہیں، جن کے پاس اسلحہ ہے۔ انڈین خفیہ ایجنسیوں نے ان لوگوں کی سری نگر میں رکھا ہوا ہے۔

نائب وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان انڈیا کو ترکی بہ ترکی جواب دے گا۔ افواجِ پاکستان کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم نے ہر انڈین ایکشن کا جواب دیا ہے۔ ہم خیر سگالی طور پر دوطرفہ معاملے پر فعال کردار ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدے پر انڈین اقدام مسترد: پاکستان اپنی لائف لائن کا ہرممکن تحفظ کرے گا، قومی سلامتی کمیٹی

دوسری جانب وزیرِدفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی دنیا کا وہ واحد وزیرِاعظم ہے، جس پر امریکا نے پابندی لگائی۔ 9 لاکھ انڈین فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے۔

خواجہ آصف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا تو نہیں کہ انڈیا اس کے ذریعے سیاسی مقاصد یا پاکستان کو ٹارگٹ کرنا چاہتا ہے۔ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں آنے والے واقعے کی مذمت کی ہے۔

وزیرِدفاع کا کہنا کہ بطور ریاست انڈیا نے کینیڈا اور امریکا میں دہشتگردی ایکسپورٹ کی، دہشتگردی کے باعث کینیڈا نے انڈیا کے خلاف احتجاج کیا۔ پاکستان میں دہشتگردی کرنے والوں کو انڈیا میں پشت پناہی حاصل ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس