بلوچستان کے پُرخطر پہاڑی علاقے زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 7 خطرناک دہشت گرد واصلِ جہنم کر دیے گئے۔
چوتیر کے مقام پر سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ہدف بنایا، جہاں دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی لیکن تربیت یافتہ اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
جھڑپ کے دوران کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مارے جانے والے شدت پسند دہشتگردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے، حالیہ دنوں میں ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز میں تیزی آئی ہے۔ صرف تین روز کے دوران افغانستان سے دراندازی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 71 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا ہے۔
زیارت کی کارروائی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جو دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔