پاکستان اور انڈیا کے درمیان عملی جنگ ہونہ ہو مگر سوشل میڈیا پر نفسیاتی جنگ انڈیا ہار چکا ہے۔ دشمن ملک کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کو پاکستانیوں نے طنزومزاح کے طور پر لیا اور ایسی ایسی میمز بنائیں کہ انڈینز کے ’طوطے‘ اڑ گئے۔
پہلگام میں 26 انڈین سیاحوں کی ہلاکت کے بعد انڈیا کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ دہلی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، اٹاری بارڈر بند کرنے اور پاکستان کے خلاف دیگر معاشی و سفارتی اقدامات کا اعلان کیا۔
لیکن دوسری جانب پاکستان کی سرزمین پر نہ خوف کا ماحول، نہ تشویش کا شور بلکہ سوشل میڈیا پر میمز، طنزیہ تبصرے اور ویڈیوز کا طوفان امڈ آیا۔
ایک طرف انڈین میڈیا ہر بریکنگ نیوز میں جنگ کے بادلوں کا شور مچا رہا ہے تو دوسری طرف پاکستانی صارفین نے چائے، کباب اور اقرا یونیورسٹی کے لطیفوں سے ایسا محاذ کھولا ہے جس نے انٹرنیٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف جس کا نام احسان گل ہے، اس نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’’انڈیا جنگ کی تیاری کر رہا ہے ہم میمز بنانے میں مصروف ہیں۔‘‘
ایک اور صارف نے تاج محل کو اقرا یونیورسٹی میں تبدیل کرنے اور ساتھ کباب جیز کی برانچ کھولنے کی پیش گوئی کر دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر میمز کی بہار آئی ہوئی ہے۔ کسی نے لکھا کہ ’’انڈیا والو، ہن لاڈ شاڈ ختم‘‘ تو کسی نے سوال کیا کہ ’’4 بج گئے ہیں ابھی تک کوئی جہاز کیوں نہیں آیا؟‘‘
ایک سوشل میڈیا صارف نے جنگ کی سنجیدگی کو مذاق میں اڑاتے ہوئے کہا کہ ’’کل ورکنگ ڈے ہے جنگ ہفتے کو رکھو تاکہ چھٹی کے دن لڑ لیں۔‘‘

اس کے علاوہ ایک اور صارف نے ایسی تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا تھا کہ ’’انڈیا پانی دو، آنکھ میں صابن چلا گیا ہے۔‘‘
صورتحال میں مزید مزاح اُس وقت شامل ہوا جب انڈین فضائیہ نے ہنگامی مشقوں کے دوران مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری میں اپنی ہی آبادی پر بم گرا دیا۔
ساؤتھ ایشیا انڈیکس کے مطابق انڈین پائلٹ نے مبینہ طور پر ہدف کا غلط تعین کیا جس کے نتیجے میں شہری آبادی اور املاک کو شدید نقصان پہنچا۔
کئی گھر تباہ ہو گئے جبکہ ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ یہ واقعہ انڈین فضائیہ کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت بن گیا۔

پاکستانی صارفین نے اس موقع کو بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’جنگ ہو نہ ہو، فلموں کے آئیڈیاز تو ملے۔‘‘ ایک اور نے کہا کہ ’’اب کی بار ابھینندن واپس نہیں جائے گا، چائے کی جگہ گُڑ والا شربت پلائیں گے۔‘‘
حالات جیسے جیسے سنگین ہو رہے ہیں پاکستانی عوام کا ردعمل بتا رہا ہے کہ وہ جنگ سے نہیں، صرف جھوٹے بیانیے اور دھمکیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔
ایک لڑکی نے لکھا کہ “جنگ سر پہ کھڑی ہے، اور میرے کپڑوں کے ساتھ میچنگ تلوار نہیں مل رہی۔
اس کے علاوہ ایک نے تو مزاق کی حد ہی کر دی، اس نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ ’’امریکا نے انڈیا کو کہا ہے کہ اگر پاکستان کو کچھ ہوا تو قرضہ آپ دیں گے۔‘‘
اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ جنگ واقعی سرحد پار ہوگی یا صرف سوشل میڈیا پر لڑی جائے گی؟ ایک بات طے ہے کہ اگر جنگ صرف میمز کی ہو تو پاکستانی عوام پہلے ہی فاتح قرار دیے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: پہلگام واقعہ کے بعد انڈین فوج میں ’بغاوت‘۔ تلخ کلامی پرفائرنگ، 5 سکھ سپاہی ہلاک
