لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، “ییلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم” کی فزیبلٹی سٹڈی رپورٹ پیش کی گئی، جب کہ ‘ای ٹیکسی’ پراجیکٹ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ‘جناح ٹرمینل تا ہربنس پورہ’ ییلو لائن منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی، جب کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ کے لیے نئے روٹس پر رپورٹ بھی طلب کی۔
اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی اور 1100 ای-ٹیکسیوں پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز پر اتفاق کیا گیا، اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے ای چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ بھی منظور کر لیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ای ٹیکسی اسکیم کے تحت حکومت پنجاب شہریوں کو مالی معاونت فراہم کرے گی اور سبسڈی کا ماڈل بھی متعارف کرایا جائے گا۔ پٹرول پمپس کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، تاکہ انفراسٹرکچر میں بہتری اور عوام کو زیادہ سہولت دی جا سکے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ، “پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے”
مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام منصوبہ جات عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر مرتب کیے جائیں اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو ماحولیاتی طور پر محفوظ، جدید اور پائیدار بنایا جائے۔