پاکستان کے مختلف شہروں میں انڈین جاسوس ڈرونز کی پروازوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے مار گرایا۔ آج جمعرات کی صبح گوجرانوالہ میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے فوری بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہوا اور ایک انڈین ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ ڈرون انتہائی اونچی پرواز کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ڈرون کے ملبے کو ضلع گجرات کے قریب گاؤں پیر جنڈ کے کھیتوں سے تحویل میں لے لیا گیا، جہاں اس کے چار ٹکڑے برآمد ہوئے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملبے سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ڈرون کس ساخت کا تھا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

لاہور میں والٹن روڈ کے قریب پولیس نے ایک انڈین جاسوس ڈرون مار گرایا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ ڈرون 5 سے 6 فٹ لمبا تھا اور سرحد پار سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ ڈرون کو سسٹم جام کر کے گرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون حساس جگہوں کی جاسوسی کے لیے بھیجا گیا تھا اور یہ ایک عمارت کے بہت قریب پہنچ چکا تھا۔ اس میں دھماکا خیز مواد بھی موجود تھا، جس کی وجہ سے والٹن روڈ پر ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
پہلے پولیس نے کہا کہ وہ دھماکے کی نوعیت اور جگہ کا پتا لگا رہے ہیں، لیکن بعد میں پتا چلا کہ یہ آواز بھارتی ڈرون کے گرنے کی تھی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا۔
لاہور کے بعد اب گوجرانوالہ، گجرات، چکوال اور سندھ کے ضلع گھوٹکی میں بھی انڈین ڈرونز مار گرائے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ چکوال کے تھانہ ڈوھمن کی حدود میں دیوالیاں کے قریب بھی ایک ڈرون گرایا گیا جس کا ملبہ قبضے میں لے لیا گیا ہے، تاہم یہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر گھوٹکی کے سرحدی علاقے کھینجو کے نزدیک داد لغاری گوٹھ میں ڈرون گرنے سے ایک شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق یہ علاقہ انڈیا کے بارڈر سے متصل ہے اور ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ ڈرونز ممکنہ طور پر حساس مقامات کی جاسوسی کے لیے بھیجے جا رہے تھے، تاہم پاکستانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑا خطرہ ٹال دیا ہے۔