وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں کہا کہ رافیل طیارے انڈیا کا غرور تھے، لیکن اب ان کا غرور اور حوصلہ ٹوٹ چکا ہے۔ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر 40 سے 50 انڈین فوجی مار دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دیا، دشمن بھاگ گیا، اسی لیے ہم نے انہیں ہوم ڈیلیوری دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈین فوج نے سفید جھنڈے لہرائے، جو ہماری فتح کی علامت ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارے فوجی جوانوں نے بہادری سے بھارتی غرور کو مٹی میں ملا دیا، اور یہ ایوان ان کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہے۔ ہم نے ماضی میں بھی انڈیا کو کئی بار شکست دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فنانشل وار میں بھی ہماری فوج انڈیا سے زیادہ طاقتور ہے۔ اب بھارت اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے ڈرون بھیج رہا ہے، لیکن ان کے پائلٹ خود کہہ رہے ہوں گے کہ ہم کیوں جائیں، وہاں تو مار پڑتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انڈیا کے 25 ڈرون مار گرائے ہیں، کچھ کو جام کیا اور کچھ کو ایئر ڈیفنس سسٹم سے نشانہ بنایا۔ ان میں ایک اسرائیلی ساختہ ڈرون بھی شامل ہے، جس کا ملبہ ہم اپنے میوزیم میں رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہماری ایئر ڈیفنس سسٹم نے انڈیا کو واضح نقصان پہنچایا ہے۔