Follw Us on:

خضدار حملہ، 4 بچوں سمیت 6 جاں بحق: ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا‘

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Bus attacked
4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ، 36 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا خضدار کے زیرو پوائنٹ کے قریب پیش آیا، جس میں اسکول بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ڈپٹی کمشنر خضدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام بچے بس میں سوار تھے جب کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ فورسز اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی تو انہیں عوام اور میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں جاں بحق ہونے والی طالبات میں   چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اوردسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔

اس حملے میں متعدد بچے زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے انڈیا کا مسخ شدہ چہرہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز، آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی کے بعد پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال نفرت انگیز اور ان کی پست اخلاقی اور بنیادی انسانی اصولوں کو نظر انداز کرنے کا عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اس بزدلانہ بھارتی سپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور انجام دینے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بہادر قوم کے ساتھ مل کر پاکستان سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد ہیں۔

انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا، صدر مملکت 

صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی جانب سے سکول بس پر کیے گئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر مملکت نے اس افسوسناک واقعہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 3 معصوم بچوں سمیت

Asif ali zardar

پانچ افراد کی شہادت پر لواحقین سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر مملکت نے سکول جانے والے معصوم بچوں پر حملے کو “انسانیت سوز اور گھناؤنا جرم” قرار دیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت میں ملوث ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے زور دیا کہ پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے دہشت گردوں کو سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ 

صدر زرداری نے دہشت گردوں کو تعلیم اور انسانیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے بھی دشمن ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے، وزیراعظم 

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے خضدار میں سکول بس پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ انڈین سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا سکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Shehbaz sharif
وزیر اعظم نے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔(تصویر: اے پی)

اس حملے میں معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت پر وزیراعظم نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے سکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کیں،” پاکستان “بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لے گا۔”

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے ان دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان کے پختہ عزم اور اتحاد پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: جنگ زدہ ملک کی بحالی کا عزم، یورپی یونین کا شام پر اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔ اس دلخراش واقعے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمی طلباء کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ  دہشت گردی میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جاے گا اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Hafiz naeem ur rahman

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بھی واقعہ کی مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، یہ ظلم کی انتہا ہے، لواحقین سے اظہار ہمدردی ، شہدا کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنائیں، دہشت گردی واقعات میں بھارت ، ملک دشمن بیرونی عناصر ملوث ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس