نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 2 سے 7 جون کے دوران موسم سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے پوٹھوہار، جنوبی اور شمال مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع میں بھی ایسی ہی صورتحال متوقع ہے، جہاں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی تنخواہ دار طبقے کو کن مسائل کا سامنا ہے، حل کیا ہوسکتا ہے؟
گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، سکردو اور ہنزہ میں مطلع ابرآلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد اور میرپور میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، تربت، گوادر، خضدار اور ژوب میں موسم خشک اور درجہ حرارت زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بڑے شہروں جیسے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔