پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے انڈیا کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق انڈین طیاروں پر پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یہ پابندی اب 23 جولائی 2025 تک برقرار رہے گی۔ اس دوران انڈیا کی تمام تجارتی و فوجی پروازوں کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈین رجسٹرڈ یا انڈیا سے لیز پر حاصل کیے گئے طیارے بھی اس بندش کی زد میں آئیں گے اور انہیں پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد انڈیا نے پاکستان نے پر متعدد پابندیاں لگاتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا اور پاکستان کے فوجی اتاشیوں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کی ہدایات کیں، جس کے جواب میں پاکستان نے بھی انڈیا پر متعدد پابندیاں عائد کیں، جن میں شملہ معاہدے کی معطلی اور انڈیا کے لیے فضائی حدود کی بندش شامل ہیں۔