پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جہاں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے (PDMA) نے اگلے دو روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ادارے کی جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 7 دیگر زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مخدوش اور بوسیدہ مکانات گرنے کے واقعات پیش آئے جن سے قیمتی جانی نقصان ہوا۔
راولپنڈی میں ایک عمارت کے منہدم ہونے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، جبکہ کلرسیداں میں نہاتے ہوئے تین بچے ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔
میانوالی میں دریائے سندھ، چشمہ اور جناح بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کچے کے متعدد علاقوں میں داخل ہو گیا۔ دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ جاری ہے۔
دریا میں پانی کی آمد 93 ہزار 569 کیوسک اور اخراج 75 ہزار 69 کیوسک ہے۔ دادو میں کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی سے گاج ندی میں 5 فٹ کا ریلا کاچھو میں داخل ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع، آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟
ادارے کے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ مقامات سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بھی آئندہ چند گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ادھر مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج مزید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ چترال، دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر خطرات کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔