پاکستانی فضائیہ کے جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری فائٹر جہاز نے برطانیہ کے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں پہلی بار شرکت کی ہے۔ یہ ایئر شو دنیا کا سب سے بڑا فوجی ایئر شو ہے جو ہر سال برطانیہ میں منعقد ہوتا ہے۔
جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری پاکستان اور چین کی مشترکہ تیار کردہ چار اعشاریہ پانچ نسل کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے۔ پاکستان فضائیہ نے 2020 میں بلاک ٹو کا دو نشستوں والا ورژن شامل کیا تھا اور اس کے بعد مقامی سطح پر پیداوار کا آغاز کیا۔

اس سال بلاک تھری ورژن خاص توجہ کا مرکز ہے جو حالیہ پاکستان اورانڈیا کے تصادم میں چینی ساختہ جے 10 سی طیاروں کے ساتھ استعمال ہوا ہے۔ پاکستان فضائیہ کے مطابق برطانیہ میں جے ایف 17 کے پہلے مظاہرے کو لے کر دفاعی ماہرین اور ایوی ایشن شائقین میں خاص جوش پایا جا رہا ہے۔
پاکستانی فضائیہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جے ایف 17 کے برطانیہ تک پہنچنے کے دوران ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کامیابی سے مکمل کی گئی جس میں پاکستانی ایل 78 ٹینکر طیارہ مددگار رہا۔ یہ مشق فضائیہ کی طویل آپریشنل صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے۔
پاکستان فضائیہ کا کہنا ہے کہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شرکت پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل قابلیتوں اور ملکی ایوی ایشن صنعت کی طاقت کا مظہر ہے۔ پاکستان 2006 سے مسلسل اس ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے۔

یہ شرکت ایسے وقت ہوئی ہے جب پاکستان اور برطانیہ کے دفاعی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ پاکستانی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس ایئر شو میں شرکت ملک کے دفاعی حوالے سے مثبت تاثر قائم کرنے کا موقع ہے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔حکومت کی جانب سے بھی پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کو فروغ دینے اور دفاعی شعبے کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
واضع رہے کہ یہ ایئر شو 2025 میں برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیئر فورڈ پر منعقد کیا گیا جہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے فضائی دستے شریک ہیں۔پاکستان کا یہ جدید لڑاکا طیارہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کا عالمی دفاعی منظرنامے میں کردار بڑھ رہا ہے۔