خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران پانچ دہشتگرد ہلاک، دو زخمی اور آٹھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق آپریشن مالاکنڈ کی تحصیل درگئی کے علاقے مہردے میں کیا گیا، جس کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحید اللہ خان نے بتایا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کو سی ٹی ڈی سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ زخمی دہشتگردوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی لے جایا گیا۔

وحید اللہ خان کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگرد گروہ علاقے میں متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں کا یوٹرن، سینیٹ الیکشن سے دستبردار نہ ہونےکا اعلان
یاد رہے کہ آج صبح خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں بھی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کارروائی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو، دوآبہ تھانے کے ایس ایچ او اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک افسر زخمی ہوا تھا۔