پاکستان کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس میں مزید شدت آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ہوا کا کم دباؤ انڈیا کے شمال مغربی مدھیہ پردیش پر موجود ہے، جو آئندہ چند گھنٹوں میں مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھے گا۔
اس کے ساتھ ہی ملک کے شمالی حصوں میں مغربی ہوائیں بھی سرگرم ہیں جو مزید بارشوں کا باعث بن سکتی ہیں۔
گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم جنوبی پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بعض حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جب کہ سندھ اور جنوب مشرقی بلوچستان میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی اور تباہ کن بارشیں، قدرتی آفات یا ہمارا قصور؟
آج کے روز سندھ، پنجاب، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے، جب کہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔
کل خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور اسلام آباد میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خاص طور پر کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
پرسوں یعنی بائیس جولائی کو کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، وسطی و بالائی پنجاب اور اسلام آباد میں زیادہ تر مقامات پر بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جب کہ جنوب مشرقی سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض مقامات پر بھی بارش متوقع ہے۔ باقی علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

بدھ کے روز اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور وسطی و بالائی پنجاب میں بارش ہو سکتی ہے، اور پوٹھوہار کے کچھ علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مشرقی سندھ کے چند علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
جمعرات کے دن بھی بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور اسلام آباد میں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے، جب کہ جنوب مشرقی سندھ میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
جمعے کے روز گلگت بلتستان، کراچی، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جبکہ پوٹھوہار کے علاقے میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق خیبر پختونخوا میں پچیس جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہیں گی۔ ان بارشوں کی وجہ سے دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور دیگر بالائی پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔
اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں جیسے راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں، جن سے شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ممکنہ خطرات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔