Follw Us on:

ایرانی صدر پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس، ’آٹھ ارب ڈالر تک تجارت کی جائے گی‘

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Shahbaz and psekiyan
لاہور میں قیام کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوئے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ (فوٹو: الجزیرہ)

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہو گئے۔

ان کی رخصتی نورخان ایئربیس سے ہوئی جہاں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، ریاض حسین اور دیگر اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کو الوداع کہا۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایرانی صدر کو دورے کی تصویری البم بھی پیش کی۔

صدر ایران اپنے پہلے دو روزہ دورہ پاکستان پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچے تھے، جہاں ان کا استقبال مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا۔

لاہور میں قیام کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوئے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور باضابطہ استقبالیہ تقریب میں قومی ترانے بجائے گئے، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کی کابینہ اراکین کا تعارف کروایا گیا۔

اسلام آباد میں ایرانی صدر نے وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ، لبنان اور شام میں کی جانے والی جارحیت کو خطے میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش قرار دیا اور مسلمان ممالک کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔

President
ایرانی صدر نے دورے کے دوران صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کو پاکستان کا برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کی۔

دورے کے دوران پاکستان اور ایران نے باہمی تجارت کو 8 ارب ڈالر تک وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ سائنس و ٹیکنالوجی، سیاحت، ثقافت، تاریخی ورثہ، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں بھی دستخط کی گئیں۔

مزید جانیں: ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس میں آمد، چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

ایرانی صدر نے دورے کے دوران صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ ملاقات میں صدر زرداری نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیا اور ایران کے علاقائی مؤقف کی تحسین کی۔

مسعود پزشکیان نے اسرائیل کے ساتھ حالیہ 12 روزہ کشیدگی کے دوران پاکستانی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے تعمیری کردار ادا کیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس