لاہور نصیرآباد پولیس نے گھر میں کام کرنے کے بہانے واردات کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان ہاؤس رابری کی واردات میں ملوث تھے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ٹیلی فون لوکیشنز کے ذریعے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار خاتون گلبرگ عسکری پانچ میں واقع ایک گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی، لیکن گھر سے نقدی اور قیمتی اشیاء کے غائب ہونے کے بعد اسے کام سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے چوری چھپے گھر کی ڈپلیکیٹ چابی تیار کر رکھی تھی، جس کے ذریعے وہ اور اس کا شوہر گھر والوں کی غیر موجودگی میں گھر میں داخل ہوئے اور قیمتی سامان چرا کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی سمیع اللہ اور ثمینہ کا تعلق ضلع قصور سے ہے اور واردات کے بعد وہ ایک سال سے لاہور میں روپوش تھے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عوام اپنے گھریلو ملازمین کی مکمل تصدیق قریبی تھانے سے لازمی کروائیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔