وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت ڈیجیٹل والٹ کا اجرا غربت کے خاتمے اور کرپشن سے پاک کیش لیس معیشت کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
اسلام آباد میں بی آئی ایس پی کے ڈیجیٹل والٹس اور مستحقین کو مفت موبائل سمز کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ جدید نظام نہ صرف شفافیت لائے گا بلکہ مستحقین کو ان کے گھروں پر ہی رقوم کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
انہوں نے پروگرام کی کامیابی پر چیئرمین بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، ٹیم اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رمضان میں پہلی بار مستحقین میں رقوم کی ڈیجیٹل تقسیم کی گئی، اب یہ سلسلہ مزید وسیع ہوگا جس سے وقت کی بچت اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بی آئی ایس پی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے وژن کی عکاسی کرتا ہے اور آج ان کے خواب کو مزید تقویت ملی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کیش لیس معیشت موجودہ دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اس طرف جتنا جلدی بڑھیں گے، ملک اتنی ہی تیزی سے ترقی کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پروگرام کے تحت کروڑوں خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنایا گیا ہے اور مستحق خواتین کے اکاؤنٹس میں شفاف انداز میں رقوم کی منتقلی جاری ہے۔