اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج دوحہ میں ہوگا، جس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔
اجلاس میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور قرارداد کی منظوری کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ او آئی سی کا سربراہی اجلاس کل 15 ستمبر کو شیڈول ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر جائیں گے۔
وزیراعظم اس سے قبل بھی ایک روزہ دورے پر دوحہ جا کر قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف اظہارِ یکجہتی کرچکے ہیں۔
قطر کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ دوحہ میں ہونے والی عرب-اسلامی سربراہی کانفرنس میں اسرائیل کے قطر پر حملے سے متعلق قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا۔
قطر نیوز ایجنسی (قنا) کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے کہا کہ عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس اتوار کو ہوگا جبکہ سربراہی اجلاس پیر کو منعقد ہوگا۔
الانصاری کے مطابق یہ اجلاس قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف وسیع تر عرب اور اسلامی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے اور اس کی بروقت اہمیت ہے، کیونکہ حالیہ حملے میں اسرائیل نے حماس کے اعلیٰ رہنماؤں کو نشانہ بنایا تھا۔