صوابی میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عمران خان ایک نظریہ بن چکے ہیں جو کبھی نہیں مرتا اور نہ ہی ڈرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں پی ٹی آئی کا کردار محض ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ایک تحریک کا ہے اور یہ تحریک اپنے مقصد میں کامیاب ہو کر رہے گی۔
صوابی میں پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انہیں کسی نے مجبور نہ کیا تو وہ اپنا حق مانگتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ اگر ہم انقلاب کا نعرہ لگا دیتے ہیں تو تم اس کا بوجھ برداشت نہیں کر سکو گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی: ثقافتی روایت کا خاتمہ یا عوامی حفاظت ہے؟
وزیراعلیٰ نے حکومتی اقدامات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام اور فوج کو ایک دوسرے کے سامنے لا کر لڑوا رہی ہے۔ “ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن یہ حکومت بھاگ رہی ہے۔ حکومت اگر بات چیت سے بھاگ رہی ہے تو اس کا جواب ہمیں دینا آتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کا پیغام اور انقلاب ناگزیر ہو چکا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے دہشت گردی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ نہ چل کر تحریک انصاف کے ساتھ آئیں اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔
وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی کی جدوجہد کو ایک نظریے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارا نظریہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔” ان کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین جیل میں بیٹھ کر جیت گئے ہیں، تو ہم بھی ان کی قیادت میں متحد ہو کر اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
آخر میں علی امین گنڈا پور نے واضح طور پر کہا کہ “تم ایوانوں میں بیٹھ کر بھی ہار چکے ہو کیونکہ تمہارے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے، لیکن پی ٹی آئی کا نظریہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔” ان کا یہ عزم تھا کہ پی ٹی آئی اپنے مقصد میں کامیاب ہو کر ہی رہے گی۔
ضرور پڑھیں: مجھے نیند نہیں آتی! میرا بس چلے تو ابھی 15 فیصد ٹیکس اور شرح سود کم کردوں، وزیراعظم شہباز شریف