سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ حاصل کر لی۔ یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
نیوزی لینڈ کا جیت کا سلسلہ جاری ہے، کیویز نے پاکستان کے بعد جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے، جس کے جواب میں کیویز نے یہ ہدف 48.4 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
دوسری جانب ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے بتایا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، راچن رویندرا کی جگہ ڈیون کانوے کو شامل کیا گیا ہے۔ سینٹنر کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے بھی ٹاس کے موقع پر کہا کہ اگر ان کی ٹیم ٹاس جیتتی تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ باووما نے اس بات کا ذکر کیا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی ہیں اور وہ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں چار کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا ہے۔ سہ ملکی سیریز کا آج دوسرا میچ تھا، پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی۔ لاہور میں یہ سہ ملکی سیریز کا آخری میچ تھا، آخری دو میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 304 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے میتھیو بریٹز کے 148 بالوں پر 150 رنز کی ناقابلِ یقین اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ ویان مولڈر نے 64، جب کہ جیسن اسمتھ نے 41 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او روک نے 2، میٹ ہنری نے 2، جب کہ بریس ویل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے چلتا کیا۔
ڈیبیو کرنے والے جنوبی افریقی بلے باز میتھیو پال بریٹز نے اپنے ڈیبیو میچ میں ہی 150 رنز کی بڑی اننگ کھیل کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، مگر ان کی اتنی لمبی اننگ بھی پروٹیز کے کام نہ آئی۔
