چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں جیت حاصل کر لی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ 50 اوورز نہ کھیل پائی اور 49.4 میں 228 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، جسے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انڈین ٹیم نے 46.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا میچ انڈیا اور بنگلہ دیش کے مابین نیشنل اسٹیڈیم دوبئی میں کھیلا گیا، بنگلہ دیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تنزید حسین اور سومیا سرکار بنگلہ دیش کی جانب سے اوپننگ کے لیے آئے، لیکن بد قسمتی سے بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 1 رن پر گر گئی اور اوپنر سومیا سرکار بنا کھاتا کھولے ہی لوٹ گئے۔

سومیا سرکار کے پویلین لوٹنے کے بعد نجمل حسین شانتو کھیلنے کے لیے پچ پر تشریف لائے مگر وہ بھی رن بنانے میں ناکام رہے اور دوسری ہی گیند پر واپس لوٹ گئے۔
انڈین بولرز نے یکے بعد دیگرے ایک ایک کر کے سارے بلے بازوں کو واپسی کا راستہ دکھایا، بنگلہ دیشی بلے باز بڑا ٹوٹل کھڑا کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 228 رنز بنا کر لوٹ گئی۔
مزید پڑھیں: قومی ٹیم کو بڑا دچکا: فخر زمان زمانہ ٹرافی سے باہر
بنگلہ دیش کی جانب سے توحید ہردوئی نے 118 گیندوں پر شاندار سینچری کی، جب کہ ذاکر علی 114 گیندوں پر 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انڈین بولروں کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، فاسٹ بولر محمد شامی نے 53 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ہرشت رانا نے 3 اور ایکشر پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انڈین ٹیم نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ اوپننگ کے لیے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل پچ پر تشریف لائے اور ٹیم کو ایک مستحکم شروعات دی، مگر انڈین کپتان زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ سکے اور 36 گیندوں پر 41 رنز بنا کر چلتے بنے۔
روہت کے بعد سٹار بلے باز ویراٹ کوہلی بیٹنگ کے لیے کریز پر آئے، مگر وہ بھی نہ چل سکے اور 38 گیندوں پر 28 رنز بنا کر چلتے بنے۔ انڈین بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 46.3 اوورز میں یہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔
انڈین بلے بازوں نے جارحانہ اننگ کا مظاہرہ کیا، شبھمن گل نے 119 گیندوں پر 101 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ کے ایل راہول نے بھی 47 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2، جب کہ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو کیویز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کیویز نے ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں میزبان ٹیم کو 60 سکور سے شکست دے کر جیت اپنے نام کر لی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، جہاں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔