غیر جانب دار مبصرین کے مطابق، مریم نواز نے اپنے دورِ حکومت میں بعض ایسے اقدامات کرکے دکھائے ہیں جن کی مثال ماضی کی سیاسی قیادتوں، بشمول ذوالفقار علی بھٹو اور عمران خان، کے ادوار میں کم ہی دکھائی دیتی ہیں۔ پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات، سڑکوں کی کشادگی، قبضہ مافیا سے سرکاری و نجی اراضی واگزار کرانے کی مہم اور محض 20 روپے کرائے پر الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہمی ایسے اقدامات ہیں جن کی افادیت براہِ راست عام آدمی کی زندگی سے جڑی ہوئی ہے۔ بالخصوص ایسے وقت میں جب روایتی ذرائع آمدورفت پر سفر کرنے کے لیے شہریوں کو سینکڑوں بلکہ بعض صورتوں میں ہزاروں روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں۔

اسی طرح پنجاب جیسے گنجان آباد صوبے میں جرائم کی روک تھام کے لیے جنگی بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات، شہری نظم و نسق کی بہتری اور عوامی تحفظ کے حوالے سے حکومتی کوششیں بھی قابلِ توجہ ہیں۔ مزید برآں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وزیراعلی کی فوری ذاتی دلچسپی، موقع پر اقدامات اور ریلیف کی فراہمی بھی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ وہ عملی اقدامات ہیں جنہیں محض سیاسی وابستگی کی عینک سے دیکھنے کے بجائے ان کے نتائج اور عوامی افادیت کی بنیاد پر پرکھنا چاہیے۔ یقیناً ان تجربات سے دوسرے صوبوں کی حکومتیں بھی رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ دیگر صوبوں کے صحافیوں، سیاسی کارکنوں، دانش وروں اور سماجی مبصرین کے پنجاب کے مطالعاتی دورے منعقد کیے جائیں، تاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں اور مریم نواز کے معیاری طرز حکمرانی کا براہ راست مشاہدہ کر سکیں۔ ممکن ہے کہ انہیں پنجاب کے بڑے شہروں ہی نہیں بلکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، دریا خان اور کلورکوٹ جیسے نسبتاً دور افتادہ علاقوں میں بھی بہتر انتظامی کارکردگی اور ترقیاتی سرگرمیوں کی ایسی مثالیں دیکھنے کو ملیں جو امریکہ اور یورپ کے گورننس ماڈلز سے متعلق ان کے قائم کردہ تصورات پر بھی نظرثانی پر مجبور کر دیں۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بھی اس پہلو پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ عوام میں سیاسی و سماجی شعور بیدار کرنے کے لیے محض ایک مخصوص طرز کا روایتی بیانیہ کافی نہیں ہوتا۔ آئی ٹی ٹیکنالوجی کے اس پیچیدہ عہد میں ہر معاشرے، ہر خطے اور ہر طبقۂ فکر کی اپنی نفسیات، الگ ترجیحات اور فکری حساسیت منفرد ہوتی ہے۔ کہیں دلیل مؤثر ہوتی ہے، کہیں مکالمہ، کہیں اعداد و شمار اور کہیں عملی کارکردگی سب سے توانا دلیل بن جاتی ہے۔

سیاست کا اصل حسن یہی ہے کہ اختلافِ رائے کے باوجود اچھی کارکردگی کا اعتراف کیا جائے، ترقی کے مثبت تجربات سے سیکھا جائے اور اجتماعی مفاد اور عوامی فلاح کو سیاسی رقابت پر ترجیح دی جائے۔ ترقیاتی سیاست کو نفرت، تعصب اور محاذ آرائی کی نذر کرنے کے بجائے اسے قومی ترقی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور عوامی خوش حالی کا وسیلہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تحریر:اسلم اعوان

نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر