محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر تک مسلسل معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 100 فیصد جبکہ یکم سے 20 نومبر تک 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بارشوں کی مقدار معمول سے 79 فیصد کم رہی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ بارشوں کی کمی سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ زمین میں نمی کم ہونے اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارانی علاقوں میں فصلیں کاشت کرنے والے کسانوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو خشک سالی کے باعث زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس لیے صوبائی حکومتوں کو متاثرہ علاقوں اور آبادیوں کی بروقت نشاندہی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ خشک سالی کا الرٹ احتیاطی اقدام ہے اور فی الحال کسی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔







