انڈیا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے موقع پر انڈین ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ ممالک اپنے عوام اور بچوں کی حفاظت کے لیے جو ضروری سمجھیں گے، وہ کریں گے۔ تاہم خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معاملات پر سنجیدگی اور متانت سے بات کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر شفافیت لانے کے لیے دونوں جانب سے شواہد پیش کیے جانے چاہییں اور ایسا قابلِ اعتماد طریقۂ کار طے ہونا چاہیے جس سے باہمی اعتماد بحال ہو اور مسائل کے حل کی راہ نکل سکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان متعدد مرتبہ پیشکش کر چکا ہے کہ اگر کسی فریق کے پاس دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں تو وہ دوطرفہ طور پر ان کا تبادلہ کرے۔ اس معاملے پر کثیرملکی فورمز میں بھی بات ہو چکی ہے۔ اگر براہِ راست رابطہ ممکن نہ ہو تو کسی ایسے دوست ملک کے ذریعے بھی شواہد کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے جس پر دونوں فریق اعتماد کرتے ہوں، تاہم اب تک اس سلسلے میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان نے بہت دکھ اور تکالیف برداشت کی ہیں اور پڑوسی ملک میں بھی ایسے واقعات پیش آئے ہیں۔ تاہم گزشتہ ڈیڑھ سے دو برس کے دوران پاکستان میں ہزاروں افراد جان سے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گفتگو کو صرف متاثرہ ہونے کے احساس تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ ان مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ تمام ممالک، خصوصاً پاکستان، اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں گے اور کر بھی رہے ہیں، لیکن خطے کی مجموعی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔ یہ ایک پیچیدہ خطہ ہے اور اس کے مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ انڈیا میں کثیرملکی تعاون کے تناظر میں بات کرنا چاہتے ہیں کیونکہ خطے کے مسائل صرف دو ممالک تک محدود نہیں۔ ایران، وسطی ایشیا اور افغانستان کو درپیش مسائل بھی وسیع تر علاقائی صورت حال کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق کسی ایک واقعے یا دوطرفہ اختلاف کی بنیاد پر ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے شواہد اور متفقہ طریقۂ کار کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔
ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے تجربے کے بارے میں مصدق ملک نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہاں ایسے پڑوسی ممالک کے نمائندوں سے ملاقات اور ان کا نقطۂ نظر سمجھنے کا موقع ملا جن کے ساتھ عام حالات میں بیٹھ کر گفتگو کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
انہوں نے بتایا کہ نیپال سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں کے ساتھ غیررسمی گفتگو بھی ہوئی ہے۔ ایسی ملاقاتوں میں ثقافت اور تہذیب کے علاوہ باہمی انسانی تعلقات اور ایک دوسرے کے مسائل سمجھنے کے مواقع بھی ملتے ہیں، جو اعتماد کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رسمی ملاقاتیں اور دوطرفہ دورے اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن مختلف ممالک کے نمائندوں کا ایک جگہ بیٹھ کر ایک دوسرے کے دکھ درد اور نقطۂ نظر کو سمجھنا اور بہتر حل تلاش کرنا بھی ضروری ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ مکالمے میں فنون، موسیقی اور ادب پر بھی گفتگو ہو رہی ہے، جس سے سوچ کے نئے زاویے سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے بقول مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال، حتیٰ کہ ہلکی پھلکی سیاسی گفتگو بھی، نئے راستے اور امکانات پیدا کر سکتی ہے۔
انڈیا میں مزید مقامات دیکھنے اور لوگوں سے ملاقاتوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا قیام چند روز کا ہے اور ایس سی او کے سلسلے میں اگلا پورا دن مصروف ہوگا، اس لیے ممکن ہے کہ وہ زیادہ مقامات نہ دیکھ سکیں۔ تاہم دستیاب وقت میں لوگوں سے ملنے اور مختلف جگہوں کا دورہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ثقافتی پروگراموں میں شرکت کے لیے آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہے گا اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے کے ایسے مواقع میسر آئیں گے۔







